ڈیرہ غازی خان- “وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس" پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے ریجنل آفس میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس میں محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری عبدالباری ہاشمی،محمد احد، بنک آف پنجاب کے محمد اسماعیل اور دیگر نے شرکاء کو پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سیمینار میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مرزا محمد آصف اقبال، سابق سینئر نائب صدور طارق اسماعیل قریشی، شیخ زاہد نظام، مرزا محمد ظفر اقبال، ایگزیکٹو ممبران شاہد حمید خان چانڈیہ، شیخ محمد علی،حافظ محمد سیف اللہ پتافی، شیخ محمد آصف رزاق، شیخ طاہر معراج، سیکرٹری جنرل محمد مجاہد ملک،ریجنل آفس کے نذیر احمد،ندیم احمد کے علاوہ کاروباری افراد شریک ہوئے۔سیمینار میں بتایا گیا کہ "آسان کاروبار فنانس" سکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت پنجاب کے 25 سے 55 سال تک کے مرد، خواتین، خصوصی افراد اور خواجہ سرا کو 90 ارب روپے کے زیرو مارک اپ قرضے دیے جائیں گے جو پانچ سال میں آسان اقساط کے ذریعے واپس کیے جا سکیں گے۔سیمینار کے شرکاء کو بتایا گیا کہ نئے یا جاری کاروبار کے لیے تین کروڑ روپے تک جبکہ برآمدات کے فروغ کے لیے پانچ کروڑ روپے تک کے قرضے دئیے جائیں گے۔ اہلیت کے لیے درست قومی شناختی کارڈ، فعال ٹیکس فائلر سٹیٹس، کسی مالیاتی ادارے کا نادہندہ نہ ہونا، اور کاروباری جگہ کی ملکیت یا کرایہ داری ضروری قرار دی گئی ہے۔درخواستیں اور تفصیلات ویب پورٹل akf.punjab.gov.pk پر دستیاب ہیں جبکہ معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1786 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اہلیت پر پورا اترنے والی درخواستوں پر بنک آف پنجاب کے ذریعے قرض کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ نادہندگان کی درخواستیں خودکار نظام کے تحت مسترد ہوں گی۔ریجنل ڈائریکٹر عبدالباری ہاشمی نے کہا کہ یہ سکیم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کا سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی 26 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔